سورة الصافات - آیت 113

وَبَارَكْنَا عَلَيْهِ وَعَلَىٰ إِسْحَاقَ ۚ وَمِن ذُرِّيَّتِهِمَا مُحْسِنٌ وَظَالِمٌ لِّنَفْسِهِ مُبِينٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور ہم نے ابراہیم اور اسحاق پر برکتیں نازل کیں، اور ان دونوں کی اولاد میں تو کچھ تو نیکو کار ہوں گے، اور کچھ اپنے آپ پر ظلم کرنے والے ہوں گے

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٦٧] ذُرِّیَّتِھِمَا میں تثنیہ کی ضمیر سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور سیدنا اسمٰعیل علیہ السلام کی طرف بھی راجع ہوسکتی ہے اور سیدنا اسمٰعیل علیہ السلام اور سیدنا اسحق علیہ السلام کی طرف بھی۔ جن سے دو بڑی قومیں پیدا ہوئیں۔ ایک بنی اسمٰعیل اور دوسرے بنی اسرائیل۔ بنو اسمٰعیل میں صرف نبی آخر الزمان مبعوث ہوئے جبکہ بنی اسرائیل میں بے شمار انبیاء پیدا ہوئے۔ اور اچھے اور برے لوگ ان دونوں قوموں میں موجود رہے۔