كَأَنَّهُنَّ بَيْضٌ مَّكْنُونٌ
وہ حوریں (شتر مرغ کے چھپائے ہوئے) انڈوں کے مانند (نہایت خوبصورت) ہوں گی
[٢٨] بیض کی مختلف تعبیریں :۔ اس آیت کی کئی تعبیریں کی گئی ہیں۔ ایک یہ کہ ان کی رنگت سفید ہوگی یعنی گورے رنگ کی ہوں گی اور جلد بالکل بےداغ ہوگی۔ دوسری یہ کہ یہاں انڈوں سے مراد شتر مرغ کے انڈے ہیں جو نہایت خوش رنگ ہوتے ہیں۔ اور اس تعبیر کی تائید اس آیت سے بھی ہوجاتی ہے ﴿کَأنَّھُنَّ الْیَاقُوْتُ وَالْمَرْجَانُ﴾(٥٥: ٥٨) (یعنی اہل جنت کی عورتیں یاقوت اور مرجان کی طرح ہوں گی) اور تیسری تعبیر وہ ہے جو ماثور ہے۔ چنانچہ سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے جب اسی آیت کی تفسیر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : کہ ان کی نرمی و نزاکت اس جھلیّ جیسی ہوگی جو انڈے کے چھلکے اور اس کے گودے کے درمیان ہوتی ہے (ابن جریر) اسی تعبیر کو معتبر سمجھ کر ترجمہ اس کے مطابق درج کیا گیا ہے۔ یہ اہل جنت کی عورتوں کی تیسری صفت ہوئی۔