سورة يس - آیت 0

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

میں شروع کرتا ہوں اللہ کے نام سے جو نہایت مہربان، بے حد رحم کرنے والا ہے

تفسیرتیسیرالقرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی

[١] فضائل سورۃ یس :۔ سیدنا انس فرماتے ہیں کہ رسول اللہ نے فرمایا : ''ہر چیز کا ایک دل ہے اور قرآن کا دل سورۃ یٰسین ہے اور جس نے سورۃ یٰسین پڑھی، اللہ تعالیٰ اس کے عوض دس بار قرآن پڑھنے کا ثواب لکھے گا'' (ترمذی۔ ابو اب فضائل القرآن۔ باب ماجاء فی یٰۤس) معقل بن یسار مزنی فرماتے ہیں کہ رسول اللہ نے فرمایا : ''جو شخص اللہ کی رضا مندی کے لئے سورۃ یٰسین پڑھے اس کے سابقہ گناہ بخش دیئے جاتے ہیں۔ اس سورۃ کو اپنے مرنے والوں کے پاس پڑھا کرو'' (بیہقی فی شعب الایمان بحوالہ مشکوٰۃ۔ کتاب فضائل القرآن۔ الفصل الثالث) یہ سورت قرآن کا دل اس لحاظ سے ہے کہ اس میں قرآن کی دعوت کو بڑے پرزور دلائل کے ساتھ اور نہایت موثر پیرائے میں پیش کیا گیا ہے۔ اور مرنے والوں کے پاس پڑھنے کی اس لئے ہدایت فرمائی کہ مرنے والے پر تمام اسلامی عقائد تازہ ہوجائیں اور عالم آخرت کا وہ نقشہ ان کے سامنے آجائے جو اس سورۃ میں مذکور ہے۔ مگر جو لوگ قرآن کا ترجمہ ہی نہ جانتے ہوں وہ تو اس کی تلاوت سے اسی صورت میں مستفید ہوسکتے ہیں جبکہ ان کے سامنے اس سورۃ کا ترجمہ بھی پڑھ دیا جائے۔