وَإِلَىٰ مَدْيَنَ أَخَاهُمْ شُعَيْبًا فَقَالَ يَا قَوْمِ اعْبُدُوا اللَّهَ وَارْجُوا الْيَوْمَ الْآخِرَ وَلَا تَعْثَوْا فِي الْأَرْضِ مُفْسِدِينَ
اور ہم نے اہل مدین کے لیے ان کے بھائی شعیب (١٩) کو بھیجا تو انہوں نے کہا اے میری قوم کے لوگو ! اللہ کی عبادت کرو، اور قیامت کے دن پر ایمان رکھو اور زمین میں فساد پھیلاتے نہ پھرو
[٥٤] ذکرشعیب علیہ السلام :۔حضرت شعیب علیہ السلام اہل مدین کی طرف بھی مبعوث ہوئے تھے اور اصحاب ایکہ کی طرف بھی۔ اور یہ دونوں علاقے آس پاس تھے۔ شعیب علیہ السلام نے پہلی بات یہی کی کہ صرف اللہ کی عبادت کرو اور شرک ایسا مرض ہے جو تمام انبیاء کی قوموں میں پایا جاتا ہے۔ شیطان ہر دور میں انسان کو شرک کی نئی سے نئی شکلیں سمجھاتا رہتا ہے۔ اور اس کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کو خالص اللہ کی عبادت سے برگشتہ کرکے کسی نہ کسی طرح کے شرک میں مبتلا کردے۔ یہی وجہ ہے کہ انبیاء کی دعوت کا پہلا قدم یہی ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کو شرک کی نجاستوں سے مطلع کریں اور انھیں ایک اللہ کی عبادت کی طرف بلائیں۔ [٥٥] اس جملہ کے دو مطلب ہیں ایک یہ کہ آخرت کے دن پر ایمان لاؤ وہ یقیناً آنے والاہے۔ جس میں تم سے تمہارے اعمال کی باز پرس ہوگی۔ دوسرا یہ کہ اگر تم خالصتاً اللہ کی عبادت کرو گے۔ تو تمہیں آخرت کے دن اس کے اچھے اجر کی توقع رکھنا چاہئے۔ [٥٦] اہل مدین کا فساد فی الارض یہ تھا کہ وہ اپنے لین دین کے معاملات میں دغا بازیاں کرتے تھے۔ ناپ تول میں کمی بیشی کرنے کے فن میں خوب ماہر تھے اور اس طرح دوسرے لوگوں کے حقوق پر مہذبانہ ڈاکے ڈالتے تھے۔