سورة القصص - آیت 44

وَمَا كُنتَ بِجَانِبِ الْغَرْبِيِّ إِذْ قَضَيْنَا إِلَىٰ مُوسَى الْأَمْرَ وَمَا كُنتَ مِنَ الشَّاهِدِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور آپ کوہ طور کے مغربی جانب اس وقت موجود نہیں (٢٢) تھے جب ہم نے موسیٰ کو اپنی شریعت دی اور نہ آپ نے اس کا مشاہدہ کیا

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٥٧]انبائےغیب سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی دلیل :۔ یعنی آپ کا وہاں موجود نہ ہونا پھر ان حالات کو یوں بیان کرنا جسے کوئی عینی شاہد بیان کرتا ہے۔ اس بات کی قوی دلیل ہے کہ آپ اللہ کے سچے رسول ہیں۔ ورنہ آپ کے پاس وحی الٰہی کے سوا ان واقعات کو جاننے کا اور کوئی ذریعہ نہیں۔ [٥٨] ربط مضمون کے لحاظ سے تو اس کا وہی مطلب ہے جو اوپر بیان ہوا۔ اور اگر اس جملہ کو الگ واقعہ سمجھا جائے تو اس کا یہ مطلب ہوگا کہ آپ ان ستر (٧٠) آدمیوں سے بھی نہیں تھے جنہوں نے موسیٰ علیہ السلام سے دیدار الٰہی کا مطالبہ کیا تھا۔ اور وہ واقعہ بھی آپ نے لوگوں کو ایسے بتلا دیا جیسے آپ ان میں موجود تھے۔