سورة الفرقان - آیت 39
وَكُلًّا ضَرَبْنَا لَهُ الْأَمْثَالَ ۖ وَكُلًّا تَبَّرْنَا تَتْبِيرًا
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
اور ہم نے ہر ایک کے سامنے دوسروں کی مثالیں پیش کیں (تاکہ عبرت حاصل کریں) اور ہم نے ہر ایک کو ہلاک و برباد کردیا۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٥١] ہر قوم کے متعلق ہمارا طریقہ یہی رہا کہ ان کی طرف نبی بھیجا گیا جس نے اس قوم کو سابقہ اقوام کے انجام سے متنبہ کیا۔ پھر انہیں مختلف انداز سے مثالیں دے دے کر سمجھایا گیا۔ پھر انہیں غور و فکر کے لئے مہلت بھی دی گئی۔ ان سب باتوں کے بعد بھی جب وہ اپنی ہٹ دھرمی پر اڑے رہے اور ان پر حجت قائم ہوگئی تو پھر ہم نے انہیں اس طرح تباہ کیا کہ ان کا نام و نشان نہ رہنے دیا۔