سورة الأنبياء - آیت 71
وَنَجَّيْنَاهُ وَلُوطًا إِلَى الْأَرْضِ الَّتِي بَارَكْنَا فِيهَا لِلْعَالَمِينَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
اور ہم نے انہیں اور لوط کو نجات (٢٣) دے کر اس سرزمین میں پہنچا دیا جس میں ہم نے جہان والوں کے لیے برکت رکھی تھی۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٦٠] سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے ساتھ سیدنالوط علیہ السلام کی ہجرت :۔ یہ واقعہ دیکھ کر بھی حضرت لوط علیہ السلام کے سوا کوئی شخص بھی حضرت ابراہیم علیہ السلام پر ایمان نہ لایا۔ حضرت لوط علیہ السلام حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بھائی ہماران کے بیٹے یعنی حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بھتیجے تھے۔ جب قوم سے دشمنی ٹھن گئی تو اللہ تعالیٰ نے ان دونوں کو عراق سے شام کی طرف ہجرت کرنے کا حکم دیا۔ شام کا علاقہ بابرکت اس لئے ہے کہ دنیوی لحاظ سے یہ بہت زرخیز اور شاداب خطہ زمین ہے۔ اور روحانی لحاظ سے اس لئے کہ یہی خطہ دو ہزار سال تک انبیاء کا مسکن و مدفن رہا ہے۔