سورة مريم - آیت 12

يَا يَحْيَىٰ خُذِ الْكِتَابَ بِقُوَّةٍ ۖ وَآتَيْنَاهُ الْحُكْمَ صَبِيًّا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اے یحی ! آپ تورات (٧) کو مضبوطی کے ساتھ تھام لیجیے اور ہم نے بچپن ہی سے ان کو فیصلہ کرنے کی صلاحیت دی تھی۔

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[١٣] سیدنا یحییٰ علیہ السلام کے اوصاف :۔ یعنی اللہ کی کتاب کو خود بھی سیکھو دوسروں کو بھی سکھاؤ۔ اس کے احکام پر خود بھی پوری طرح عمل کرو دوسروں کو بھی اس کی دعوت دو۔ یہی وہ مشن تھا جس کے لئے سیدنا زکریا علیہ السلام نے دعا کی تھی۔ چنانچہ اللہ نے سیدنا یحییٰ کو سن رشد پر پہنچتے ہی منصب نبوت پر سرفراز فرما کر یہ حکم دے دیا تھا۔ اور ساتھ ہی قوت فیصلہ، قوت اجتہاد، تفقہ فی الدین، معاملات میں صحیح رائے قائم کرنے کی صلاحیت اور معاملات میں فیصلہ کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا۔