سورة التوبہ - آیت 23

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَتَّخِذُوا آبَاءَكُمْ وَإِخْوَانَكُمْ أَوْلِيَاءَ إِنِ اسْتَحَبُّوا الْكُفْرَ عَلَى الْإِيمَانِ ۚ وَمَن يَتَوَلَّهُم مِّنكُمْ فَأُولَٰئِكَ هُمُ الظَّالِمُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اے ایمان والو ! اگر تمہارے باپ (18) اور تمہارے بھائی ایمان کے بجائے کفر کو پسند کرلیں تو انہیں اپنا دوست نہ بناؤ، اگر تم میں سے جو لوگ انہیں اپنا دوست بنائیں گے وہی ظالم ہوں گے

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٢١] ایمان کی تکمیل کب ؟ :۔ یعنی ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ اگر باپ یا بھائی کافر ہوں تو ان سے قرابت تو کیا رفاقت بھی نہ رکھی جائے اور اگر مومن یا مسلمان اس معیار پر پورا نہیں اترتا تو سمجھ لے کہ اس کا ایمان مکمل نہیں۔ اس مضمون کو کتاب و سنت میں متعدد مقامات پر مختلف پیرایوں میں بیان کیا گیا ہے چنانچہ ایک دفعہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ آپ مجھے اپنی ذات کے سوا سب سے زیادہ محبوب ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ابھی تمہارا ایمان مکمل نہیں ہوا۔‘‘ پھر کسی وقت سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا ’’اللہ کی قسم! آپ مجھے اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’اب تمہارا ایمان مکمل ہوا۔‘‘ (بخاری۔ کتاب الایمان والنذور۔ باب کیف کانت یمین النبی )