سورة الاعراف - آیت 191
أَيُشْرِكُونَ مَا لَا يَخْلُقُ شَيْئًا وَهُمْ يُخْلَقُونَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
کیا وہ اللہ کا شریک اپنے ان معبودوں کو بناتے ہیں جو کوئی چیز پیدا (120) نہیں کرتے ہیں بلکہ وہ خود اللہ کی مخلوق ہیں
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[١٩٠] مخلوق الٰہ نہیں ہو سکتی :۔ اس آیت میں الوہیت کا یہ معیار پیش کیا گیا ہے کہ جو مخلوق ہو وہ الٰہ نہیں ہو سکتی۔ اس معیار کے مطابق اللہ کے سوا سب الٰہ باطل قرار پاتے ہیں خواہ وہ فرشتے ہوں یا انبیاء ہوں، یا شجر و حجر ہوں یا اولیاء و بزرگ ہوں، خواہ وہ زندہ ہوں یا فوت شدہ۔ کیونکہ ان میں سے ہر چیز اللہ کی مخلوق ہے اور جو مخلوق ہے وہ فانی بھی ہوگا اور جو فانی ہے وہ الٰہ نہیں ہو سکتا۔