سورة الاعراف - آیت 83
فَأَنجَيْنَاهُ وَأَهْلَهُ إِلَّا امْرَأَتَهُ كَانَتْ مِنَ الْغَابِرِينَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
پھر ہم نے اسے اور اس کے گھروالوں کو نجات دی، سوائے اس کی بیوی کے جو ہلاک ہونے والوں کے ساتھ رہ گئی
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٨٨] لوط علیہ السلام کی بیوی کا کردار :۔ چونکہ لوط علیہ السلام کی بیوی ان بدکرداروں سے پوری ساز باز رکھتی تھی۔ گھر میں کوئی مہمان آتا تو فوراً خفیہ طور پر اطلاع کردیتی اور ان لوگوں کو اس مہمان سے بدکرداری کرنے کی ترغیب دیا کرتی تھی لہٰذا وہ بھی قوم کے جرم میں برابر کی شریک تھی اور اسے بھی اسی عذاب سے دو چار ہونا پڑا جو اس قوم پر نازل ہوا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ لوط علیہ السلام کی بیوی بھی انہی کی قوم سے تعلق رکھتی تھی اور لوط علیہ السلام بابل سے ہجرت کر کے یہاں مقیم ہوئے تھے۔