سورة الاعراف - آیت 37

فَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرَىٰ عَلَى اللَّهِ كَذِبًا أَوْ كَذَّبَ بِآيَاتِهِ ۚ أُولَٰئِكَ يَنَالُهُمْ نَصِيبُهُم مِّنَ الْكِتَابِ ۖ حَتَّىٰ إِذَا جَاءَتْهُمْ رُسُلُنَا يَتَوَفَّوْنَهُمْ قَالُوا أَيْنَ مَا كُنتُمْ تَدْعُونَ مِن دُونِ اللَّهِ ۖ قَالُوا ضَلُّوا عَنَّا وَشَهِدُوا عَلَىٰ أَنفُسِهِمْ أَنَّهُمْ كَانُوا كَافِرِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

پس اس سے بڑا ظالم کون ہوگا جو اللہ کے بارے میں افترا پردازی (26) کرے، یا اس کی آیتوں کو جھٹلائے، لوح محفوظ میں نے نصیب کا جو لکھا ہے وہ انہیں مل جائے گا، یہاں تک کہ ہمارے فرشتے جب ان کے پاس ان کی روح قبض کرنے کے لیے آئیں گے تو پوچھیں گے، کہاں ہیں وہ جنہیں تم اللہ کو چھوڑ کر پکارتے تھے؟ وہ کہیں گے کہ وہ سب ہمیں چھوڑ کر غائب ہوگئے، اور اقرار کریں گے کہ وہ یقیناً کافر تھے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ظالم کون ہیں: جو اللہ پر جھوٹا بہتان باندھتے ہیں۔ اللہ کی آیات کو جھٹلاتے ہیں ان کو انکا مقدر یعنی انھیں سزا ضرور ملے گی ان کے اعمال کا بدلہ مل کر رہے گا اللہ کے وعدے وعید پورے ہوکر رہیں گے دوسرے معنی یہ ہیں کہ ان کی عمر، عمل، رزق جو ان کے مقدر میں ہے یعنی ان کے مقدر میں جو عمر اور رزق ہے اُسے پورا کرلینے کے بعد اور جتنی عمر اس کی ہے اس کو گزار لینے کے بعد بالآخر موت سے ہمکنار ہونا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿قُلْ اِنَّ الَّذِيْنَ يَفْتَرُوْنَ عَلَى اللّٰهِ الْكَذِبَ لَا يُفْلِحُوْنَ﴾ (یونس: ۶۹) ’’جولوگ اللہ پر جھوٹ باندھتے ہیں، وہ کامیاب نہیں ہونگے، دنیا کا چند روزہ فائدہ اٹھا کر بالآخر ہمارے پاس ہی لوٹ کر آنا ہے۔‘‘ پھر اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ان کی روحوں کو قبض کرنے کے لیے ہمارے فرشتے ہیں تو ان کو بطور طنز کہتے ہیں کہ اب اپنے معبودوں کو کیوں نہیں پکارتے کہ وہ تمہیں اس عذاب سے بچالیں۔ تو یہ نہایت حسرت سے جواب دیتے ہیں کہ افسوس وہ تو ہم سے کھوگئے، ہمیں ان سے اب کسی نفع کی اُمید نہیں رہی۔ پس اپنے کفر کا آپ ہی اقرار کرتے ہیں۔