وَلَوْ نَزَّلْنَا عَلَيْكَ كِتَابًا فِي قِرْطَاسٍ فَلَمَسُوهُ بِأَيْدِيهِمْ لَقَالَ الَّذِينَ كَفَرُوا إِنْ هَٰذَا إِلَّا سِحْرٌ مُّبِينٌ
اور اگر ہم آپ پر کاغذ (9) پر لکھی ہوئی کوئی کتاب نازل کرتے، جسے وہ لوگ اپنے ہاتھوں سے چھوتے تو بھی اہل کفر یہی کہتے کہ یہ تو کھلا جادو ہے
کفار کے اعتراضات اور ان کے جواب: کفار کہتے ہیں کہ ہم تو تب ایمان لائیں گے جب ہمارے سامنے محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر کتاب نازل ہو اور ہم اس کو چھوکر دیکھیں۔ اللہ تعالیٰ جواب میں فرماتے ہیں کہ کافر اتنے ہٹ دھرم واقع ہوئے ہیں کہ ہم اگران کا مطالبہ مان بھی لیں اور وہ کتاب کو چھو بھی لیں تب وہ کہہ دیں گے کہ یہ سب جادو ہے اور تم جادو گر ہو۔ چنانچہ ارشاد ہے: ﴿وَ لَوْ فَتَحْنَا عَلَيْهِمْ بَابًا مِّنَ السَّمَآءِ فَظَلُّوْا فِيْهِ يَعْرُجُوْنَ۔لَقَالُوْۤا اِنَّمَا سُكِّرَتْ اَبْصَارُنَا بَلْ نَحْنُ قَوْمٌ مَّسْحُوْرُوْنَ﴾ (الحجر: ۱۴، ۱۵) ’’اگر ہم ان پر آسمان کا کوئی دروازہ کھول دیں اور یہ اس میں چڑھنے بھی لگ جائیں تب بھی یہ کہیں گے کہ ہماری آنکھیں متوالی ہوگئی ہیں بلکہ ہم پر جادو کر دیا گیا ہے۔‘‘