سورة المآئدہ - آیت 89

لَا يُؤَاخِذُكُمُ اللَّهُ بِاللَّغْوِ فِي أَيْمَانِكُمْ وَلَٰكِن يُؤَاخِذُكُم بِمَا عَقَّدتُّمُ الْأَيْمَانَ ۖ فَكَفَّارَتُهُ إِطْعَامُ عَشَرَةِ مَسَاكِينَ مِنْ أَوْسَطِ مَا تُطْعِمُونَ أَهْلِيكُمْ أَوْ كِسْوَتُهُمْ أَوْ تَحْرِيرُ رَقَبَةٍ ۖ فَمَن لَّمْ يَجِدْ فَصِيَامُ ثَلَاثَةِ أَيَّامٍ ۚ ذَٰلِكَ كَفَّارَةُ أَيْمَانِكُمْ إِذَا حَلَفْتُمْ ۚ وَاحْفَظُوا أَيْمَانَكُمْ ۚ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ اللَّهُ لَكُمْ آيَاتِهِ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اللہ تعالیٰ تمہاری بے مقصد قسموں (110) پر تمہارا مواخذہ نہیں کرے گا، لیکن جن قسمون کے مطابق تمہارا ارادہ پختہ ہوگا، ان پر تمہارا مواخذہ کرے گا، پس ایسی قسم کا کفارہ دس مسکینوں کو کھانا کھلانا ہے، ویسا ہی مناسب کھانا جو تم اپنے بال بچوں کو کھلاتے ہو، یا انہیں پہننے کے کپڑے دینا ہے، یا ایک گردن (غلام یا لونڈی) آزاد کرنا ہے، اور جسے ان میں سے کوئی میسر نہ ہو، وہ تین دن روزے رکھے گا، اگر تم قسم کھالو تو یہ تمہاری قسموں کا کفارہ ہے، اور اپنی قسموں کی حفاظت (111) کرو، اللہ اسی طرح تمہارے لیے اپنی آیتیں کھول کر بیان کرتا ہے، شاید کہ تم شکر ادا کرو

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اہل عرب میں بات بات پر قسمیں کھانے کا رواج تھا۔ قسموں کی قسمیں: (۱) لغو۔ وہ قسم ہے جو آدمی بات بات پر قسم کھاتا ہے جس میں اس کا ارادہ شامل نہیں ہوتا اس پر مواخذہ نہیں ہے۔ (۲)جھوٹی قسم : وہ قسم جو انسان دھوکا فریب دینے کے لیے کھائے یہ کبیرہ گناہ ہے بلکہ اکبرالکبائر ہے۔ لیکن اس پر کفارہ نہیں۔ (۳) وہ قسم جو انسان اپنی بات کی پختگی اور تاکید کے لیے ارادتاً کھائے ایسی قسم اگر توڑے گا تو اس کا کفارہ ہے۔ قسموں کے بارے میں چند احادیث: ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’اللہ تم کو باپ دادا کی قسمیں کھانے سے منع کرتا ہے فرمایا اگر قسم کھاؤ تو اللہ کی کھاؤ۔‘‘ (بخاری:۶۱۰۸ ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’اگر تم کسی کام کرنے کی قسم کھالو، پھر کسی اور کام میں بہتری سمجھو تو اپنی قسم کا کفارہ ادا کرو اور وہ کام کرو جو بہتر ہے ۔ (بخاری: ۶۶۲۲) رسول اللہ نے فرمایا: ’’اس کا تو دین ہی نہیں جو عہد کو پورا نہیں کرتا قسم بھی عہد کی طرح ہے۔‘‘ (مسند احمد: ۳/۱۳۵، ح:۱۲۳۸۳) قسمیں اور ان کا کفارہ: قرآن کریم میں اور احادیث میں بہت سے ایسے گناہوں کا ذکر آیا ہے۔ جن کے کفارے بیان کیے ہیں مثلاً قتل خطا کا کفارہ، ظہار کا کفارہ، احرام کی حالت میں شکار کرنے کا کفارہ، فرضی روزے توڑنے کا کفارہ، قسم توڑنے کا کفارہ وغیرہ وغیرہ اکثر کفاروں میں قدر مشترک غلام کو آزاد کرنا ہے۔ آج الحمد للہ غلامی کا رواج نہیں رہا ہے۔ قسم کے کفارہ کی متبادل تین صورتیں رہ گئی ہیں: (۱) دس مسکینوں کو کھانا کھلانا۔ (۲)یا دس مسکینوں کو لباس مہیا کرنا۔ (۳) تین روزے رکھنا، پے درپے رکھیں یا ایک ایک کرکے۔ اللہ تعالیٰ اس طرح اپنے احکام بتاتا ہے تاکہ تم شکر گزار بنو۔