إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا ثُمَّ كَفَرُوا ثُمَّ آمَنُوا ثُمَّ كَفَرُوا ثُمَّ ازْدَادُوا كُفْرًا لَّمْ يَكُنِ اللَّهُ لِيَغْفِرَ لَهُمْ وَلَا لِيَهْدِيَهُمْ سَبِيلًا
بے شک جو لوگ (131) ایمان لے آئے پھر کافر ہوگئے، پھر ایمان لے آئے پھر کافر ہوگئے، پھر کفر میں بڑھتے ہی گئے، تو اللہ انہیں ہرگز معاف نہیں کرے گا، نہ انہیں راہ راست پر لائے گا
ایمان اور کفر کی بار بار تبدیلی: ان سے مراد منافقین اور مرتدین کا گروہ ہے جو ہر وقت تذبذب میں رہتے اور اپنی خواہش نفس کے پیروکار ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ ہوا کا رخ دیکھتے ہیں، حالات کا جائزہ لیتے ہیں اور جتنی دفعہ ہوا کا رخ بدلے ان کا ایمان اور کفر اتنی دفعہ ہی بدلتا رہتاہے۔ ایسا ایمان کچھ فائدہ نہیں دیتا بلکہ ان پر کفر کی چھاپ لگ جاتی ہے۔ کفر میں بڑھتے چلے گئے: اس کا مطلب ہے کہ خود تو کافر ہیں ہی، دوسرں کو بھی کافر بنانے اور اسلام کی راہ سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کرتے رہتے ہیں ایسے لوگوں کے حق کے راستہ پر آنے کی کوئی صورت نہیں رہتی۔