سورة الحاقة - آیت 18

يَوْمَئِذٍ تُعْرَضُونَ لَا تَخْفَىٰ مِنكُمْ خَافِيَةٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اس دن تم پیش (٧) کئے جاؤ گے، تمہاری کوئی پوشیدہ بات اس سے مخفی نہیں رہے گی

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ كے حضور پیشی: یہی وہ دن ہوگا جب تم اللہ كے سامنے پیش كیے جاؤ گے۔ اس پیشی میں تمہارے ارادہ كو كچھ دخل نہ ہوگا بلكہ اضطراراً تمہیں پیش كیا جائے گا اور تمہیں پیش ہونا پڑے گا، كوئی شخص اس پیشی سے چھپا نہیں رہ سكتا، وہ ہر چھپی اور كھلی چیز كا عالم ہے اس لیے تمہارا كوئی بھید اس روز چھپ نہ سكے گا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ كا قول ہے: لوگو! اپنی جانوں كا حساب كر لو اس سے پہلے كہ تم سے حساب لیا جائے۔ اور اپنے اعمال كا آپ اندازہ كر لو اس سے پہلے كہ ان اعمال كا وزن كیا جائے تاكہ كل قیامت والے دن تم پر آسانی ہو، جس دن كو تمہارا پورا پورا حساب لیا جائے گا اور بڑی پیشی میں خود اللہ تعالیٰ جل شانہ كے سامنے تم پیش كر دئیے جاؤ گے۔