سورة الملك - آیت 1

تَبَارَكَ الَّذِي بِيَدِهِ الْمُلْكُ وَهُوَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

بے حساب برکتوں (١) والا ہے وہ (اللہ) جس کے ہاتھ میں (سارے جہان کی) بادشاہی ہے، اور وہ ہر چیز پر قادر ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

سورة الملك كی فضیلت اس كی فضیلت میں متعدد روایات آتی ہیں جن میں سے صرف چند روایات صحیح یا حسن ہیں، جیسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ كی كتاب میں ایك سورت ہے، جس میں صرف (۳۰) آیات ہیں یہ آدمی كی سفارش كرے گی یہاں تك كہ اسے بخش دیا جائے گا۔(ترمذی: ۲۸۹۱، ابی داؤد: ۱۴۰۰، مسند احمد: ۲/ ۲۹۹) دوسری روایت میں ہے قرآن مجید میں ایك سورت ہے، جو اپنے پڑھنے والے كی طرف سے لڑے گی حتیٰ كہ اسے جنت میں داخل كروائے گی۔ (مجمع الزوائد: ۷/ ۱۷۲، صحیح الجامع الصغیر: ۳۶۴۴) سنن ترمذی كی ایك روایت میں ہے كہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سونے سے قبل سورئہ الم السجدہ اور سورئہ الملك ضرور پڑھتے تھے۔ (ترمذی: ۲۸۹۲) ایك اور روایت شیخ البانی نے السلسلۃ الصحیحہ میں نقل كی ہے کہ سورئہ ملك عذاب قبر سے روكنے والی ہے۔ یعنی اس كا پڑھنے والا امید ہے كہ عذاب قبر سے محفوظ رہے گا بشرطیكہ وہ احكام و فرائض اسلام كا پابند ہو۔ تبارك كا لغوی مفہوم: تبارك، بركت كے معنی كسی چیز میں اللہ كی طرف سے خیر كا ثابت ہونا ہے، بعض نے اس كے معنی یہ بیان كیے ہیں کہ مخلوقات كی صفات سے بلند و برتر۔ اسی كے ہاتھ میں بادشاہی ہے۔ یعنی ہر طرح كی قدرت اور غلبہ اسی كو حاصل ہے۔ وہ كائنات میں جس طرح كا تصرف كرے كوئی اسے روك نہیں سكتا، وہ شاہ كو گدا اور گدا كو شاہ بنا دے۔ امیر كو غریب غریب كو امیر كر دے كوئی اس كی حكمت ومشیئت میں دخل نہیں دے سكتا۔