سورة الجمعة - آیت 8

قُلْ إِنَّ الْمَوْتَ الَّذِي تَفِرُّونَ مِنْهُ فَإِنَّهُ مُلَاقِيكُمْ ۖ ثُمَّ تُرَدُّونَ إِلَىٰ عَالِمِ الْغَيْبِ وَالشَّهَادَةِ فَيُنَبِّئُكُم بِمَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی

اے میرے نبی ! آپ کہہ دیجئے، بے شک وہ موت (٨) جس سے تم راہ فرار اختیار کرتے ہو، وہ تم سے ضرور آملے گی، پھر تم اس (اللہ) کی طرف لوٹا دئیے جاؤ گے جو غائب وحاضر تمام باتوں کا علم رکھتا ہے، پھر وہ تمہیں ان اعمال کی خبر دے گا جو تم (دنیا میں) کرتے رہتے تھے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

موت سے مفر نہیں: پھر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے كہ موت سے كوئی بچ ہی نہیں سكتا جیسے كہ سورئہ النساء (۷۸) میں فرمایا کہ: ﴿اَيْنَ مَا تَكُوْنُوْا يُدْرِكْكُّمُ الْمَوْتُ وَ لَوْ كُنْتُمْ فِيْ بُرُوْجٍ مُّشَيَّدَةٍ﴾ ’’تم جہاں كہیں بھی ہو تمہیں موت پا ہی لے گی گو مضبوط محلوں میں ہو۔‘‘ اور پھر تمہیں اللہ كے حضور پیش ہی ہونا پڑے گا پھر وہ تمہیں بتا دے گا كہ تم اللہ كے چہیتے یا لاڈلے تھے یا اس كی لعنت اور اس كے غصہ میں گرفتار تھے۔