إِنَّ الَّذِينَ يُحَادُّونَ اللَّهَ وَرَسُولَهُ أُولَٰئِكَ فِي الْأَذَلِّينَ
بے شک جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کی مخالفت (١٤) کرتے ہیں وہی لوگ ذلیل ترین قوموں میں سے ہیں
جو حق سے پھرا وہ ذلیل وخوار ہوا: جو لوگ حق سے برگشتہ ہیں، ہدایت سے دور ہیں۔ اللہ اور اس كے رسول كے مخالف ہیں، احكام شرع كی اطاعت سے دور ہیں یہ لوگ انتہا درجے كے ذلیل، بے وقار اور خستہ حال ہیں، رحمت رب سے دور، اللہ كی مہربانی بھری نظروں سے اوجھل اور دنیا وآخرت میں برباد ہیں، اللہ تعالیٰ تو فیصلہ كر چكا ہے بلكہ اپنی كتاب میں بھی لكھ چكا ہے۔ جو تقدیر اور تحریر نہ مٹے نہ بدلے، نہ اسے ہیر پھیر كرنے كی كسی میں طاقت كہ وہ، اور اس كی كتاب اور اس كے رسول اور اس كے مومن بندے دنیا اور آخرت میں غالب رہیں گے۔ جیسا كہ سورئہ مومن (۵۱) میں فرمایا: ﴿اِنَّا لَنَنْصُرُ رُسُلَنَا وَ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا فِي الْحَيٰوةِ الدُّنْيَا وَ يَوْمَ يَقُوْمُ الْاَشْهَادُ﴾ ’’ہم اپنے رسولوں اور ایمان دار بندوں كی ضرور ضرور مدد كریں گے دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی جس دن گواہ قائم ہو جائیں گے۔ جس دن گنہگاروں كو كوئی عذر ومعذرت فائدہ نہ پہنچائے گی۔‘‘ ان پر لعنت برستی ہو گی اور ان كے لیے برا گھر ہے یہ لكھنے والا خدا زبردست ہے وہ غالب وقہار ہے، اپنے دشمنوں پر ہر وقت قابو ركھنے والا ہے۔ اس كا یہ اٹل فیصلہ اور اس کی طے شدہ قضا ہے كہ دونوں جہان میں غلبہ اور انجام كے اعتبار سے غلبہ اور نصرت مومنوں كا حصہ ہے۔