قَدْ عَلِمْنَا مَا تَنقُصُ الْأَرْضُ مِنْهُمْ ۖ وَعِندَنَا كِتَابٌ حَفِيظٌ
زمین ان کے جسموں میں سے جو کچھ گھٹاتی جاتی ہے، ہمیں اس کا پورا علم (٣) ہے، اور ہمارے پاس ایک کتاب ہے جس میں ہر چیز کا ریکارڈہے
دوسرے اعتراض کا جواب: کفار اللہ کے علم اور اس کی قدرت کی وسعت کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ پہلی چیز تو یہ کہ ان کی ہر چیز مٹی میں نہیں چلی جاتی بلکہ ان کی روح اللہ کے قبضہ میں چلی جاتی ہے۔ دوسری چیز یہ کہ ان کے جسم کے ذرات اگر مٹی میں مل بھی جائیں تو بھی وہ سب ذرات اللہ کے علم میں ہوتے ہیں اور وہ جب چاہے ان ذرات کو اکٹھا کر کے پھر سے انسان کی شکل دے کر اور اس میں اس کی روح ڈال کر پھر سے زندہ کر سکتا ہے۔ تیسری چیز یہ ہے کہ ان ذرات کا اللہ کو علم ہی نہیں بلکہ اس کے پاس پہلے سےہر چیز لکھی ہوئی اور موجود و محفوظ ہے۔ پھر جو چیز علم میں بھی ضبط تحریر میں بھی آ چکی ہو اس کے یقینی ہونے میں کیا شک باقی رہ گیا۔