وَلَوْ نَشَاءُ لَأَرَيْنَاكَهُمْ فَلَعَرَفْتَهُم بِسِيمَاهُمْ ۚ وَلَتَعْرِفَنَّهُمْ فِي لَحْنِ الْقَوْلِ ۚ وَاللَّهُ يَعْلَمُ أَعْمَالَكُمْ
اور اگر ہم چاہتے تو آپ کے لئے ان کی نشاندہی کردیتے، تو آپ انہیں ان کے نشان سے پہچان جاتے، اور آپ یقیناً انہیں ان کے طرز گفتگو سے پہچان لیں گے، اور اللہ تمہارے کاموں کو خوب جانتا ہے
منافقوں کو برسر عام ننگا کرنا اللہ کی حکمت کے خلاف ہے: یعنی ایسے منافقوں کو برسر عام ننگا کر دینا بھی اللہ کی حکمت کے خلاف ہے۔ وہ بالعموم پردہ پوشی فرماتا ہے۔ نور فراست سے منافق پہچانے جا سکتے ہیں: تاہم آپ کو ہم نے اتنا نور فراست ضرور دے دیا ہے کہ آپ ان کے لب و لہجہ اور انداز گفتگو سے ہی یہ معلوم کر سکیں گے کہ فلاں شخص منافق ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک سیدھے سادھے اور صاف دل پکے مومن کی گفتگو میں ایسی پختگی اور سنجیدگی پائی جاتی ہے جو دل میں کھوٹ رکھنے والے شخص کے اندازے گفتگو میں پائی ہی نہیں جا سکتی چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسی نور فراست سے اپنی زندگی کے آخری حصہ میں تمام منافقوں کو نام بہ نام جانتے تھے۔