وَلِكُلٍّ دَرَجَاتٌ مِّمَّا عَمِلُوا ۖ وَلِيُوَفِّيَهُمْ أَعْمَالَهُمْ وَهُمْ لَا يُظْلَمُونَ
اور (مومن وکافر) ہر ایک کے لئے ان کے اعمال کے مطابق (اچھے یا برے) درجات ہوں گے، اور تاکہ اللہ ان کے اعمال کا انہیں پورا پورا بدلہ دے، اور ان پر ظلم نہیں کیا جائے گا
یعنی ہر ایک کے لیے اس کی برائی کے مطابق سزا ہے۔ اللہ تعالیٰ ایک ذرے کے برابر بلکہ اس سے بھی کم کسی پر ظلم نہیں کرتا۔ عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں جہنم کے درجے نیچے ہیں اور جنت کے درجے اونچے ہیں۔ جب جہنمی جہنم پر لا کھڑے کیے جائیں گے تو انھیں بطور ڈانٹ ڈپٹ کے کہا جائے گا کہ تم اپنی نیکیاں دنیا میں ہی وصول کر چکے ان سے فائدہ وہیں اٹھا لیا۔ (طبری: ۲۲/ ۱۱۹) گنہگار کو اس کے جرم سے زیادہ سزا نہیں دی جائے گی۔ اور نیکو کار کے صلہ میں کمی نہیں ہو گی۔ بلکہ ہر ایک کو خیر یا شر میں سے وہی کچھ ملے گا جس کا وہ مستحق ہو گا۔