سورة فصلت - آیت 12

فَقَضَاهُنَّ سَبْعَ سَمَاوَاتٍ فِي يَوْمَيْنِ وَأَوْحَىٰ فِي كُلِّ سَمَاءٍ أَمْرَهَا ۚ وَزَيَّنَّا السَّمَاءَ الدُّنْيَا بِمَصَابِيحَ وَحِفْظًا ۚ ذَٰلِكَ تَقْدِيرُ الْعَزِيزِ الْعَلِيمِ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

پھر اس نے آسمان کو دو دنوں میں سات آسمان بنا دیا، اور ہر آسمان میں اس سے متعلق حکم جاری فرما دیا، اور ہم نے آسمان دنیا کو چراغوں سے مزین کردیا، اور ان کے ذریعہ اس کی حفاظت کردی، یہ تدبیر و انتظام اس اللہ کا ہے جو زبردست، دانا ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

پس دو دن میں ساتوں آسمان اس نے بنا دئیے یعنی جمعرات اور جمعہ کے دن۔ اور ہر آسمان میں اس نے جو جو چیزیں اور جیسے جیسے فرشتے مقرر کرنے چاہے، مقرر کر دئیے اور دنیا کے آسمان کو اس نے ستاروں سے مزین کر دیا۔ جو زمین پر چمکتے رہتے ہیں اور جو ان شیاطین کی نگرانی کرتے ہیں جو ملائے اعلیٰ کی باتیں سننے کے لیے اوپر چڑھنا چاہتے ہیں یہ تدبیر و اندازہ اس اللہ کا قائم کردہ ہے۔ جو سب پر غالب ہے اور کائنات کے ایک ایک چپے کی ہر کھلی چھپی حرکت کو جانتا ہے۔