إِنَّ الَّذِينَ يُجَادِلُونَ فِي آيَاتِ اللَّهِ بِغَيْرِ سُلْطَانٍ أَتَاهُمْ ۙ إِن فِي صُدُورِهِمْ إِلَّا كِبْرٌ مَّا هُم بِبَالِغِيهِ ۚ فَاسْتَعِذْ بِاللَّهِ ۖ إِنَّهُ هُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ
بے شک جو لوگ اللہ کی آیتوں میں بغیر کسی دلیل (٢٩) کے جو ان کے پاس (اللہ کی طرف سے) آئی ہو جھگڑتے ہیں، ان کے سینوں میں کبرو غرور چھپا ہوا ہے، وہ اپنا مقصد کبھی حاصل نہیں کر پائیں گے، پس آپ اللہ کی پناہ مانگئے، وہ بے شک خوب سننے والا، بڑا دیکھنے والا ہے
اللہ کی آیات سے مراد: آیات الٰہی سے مراد یہاں دلائل توحید اور دلائل بعث بعد الموت ہیں۔ کیوں کہ کفارِ مکہ اپنی دو باتوں میں زیادہ تر تکرار کرتے تھے اور فضول قسم کی بحث اور استہزا کیا کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے انھیں مخاطب کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ ان کے پاس کوئی عقلی دلیل تو ہے نہیں جس کی بنیاد پر وہ مدلل بحث کر سکیں۔ یہ محض تکبر کی وجہ سے ایسا کرتے ہیں تاہم اس سے جو ان کامقصد ہے کہ حق کمزور اور باطل مضبوط ہو۔ وہ ان کو حاصل نہیں ہو گا۔ اللہ کی پناہ مانگیے: یعنی ان جھگڑا کرنے والے متکبرین کے شر سے اللہ کی پناہ مانگتے رہے۔ جو ان کی ہر ایک سازش اور ہر ایک شرارت کو دیکھ بھی رہا ہے اور ان کی باتوں کو سن بھی رہا ہے۔