سورة ص - آیت 23
إِنَّ هَٰذَا أَخِي لَهُ تِسْعٌ وَتِسْعُونَ نَعْجَةً وَلِيَ نَعْجَةٌ وَاحِدَةٌ فَقَالَ أَكْفِلْنِيهَا وَعَزَّنِي فِي الْخِطَابِ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
یہ میرا بھائی ہے، اس کے پاس ننانوے دنبیاں ہیں، اور میرے پاس صرف ایک دنبی ہے، یہ کہتا ہے کہ وہ دنبی مجھے دے دو، اور بات کرنے میں مجھ پر غالب آگیا ہے
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
اس تمہیدی مشترکہ بیان کے بعد مدعی نے اپنا مقدمہ پیش کیا کہ یہ (مدعا علیہ) میرا بھائی ہے۔ بھائی سے مراد (دینی بھائی یا شریک کاروبار یا دوست ہے کہ ان سب معانی پر اس لفظ کا اطلاق ہوتا ہے اور جھگڑا یہ ہے کہ اس کے پاس ننانوے دُنبیاں ہیں اور میرے پاس صرف ایک۔ اب یہ کہتا ہے کہ وہ بھی مجھے دے دے۔ اور مجھے اس سے اپنے حق میں بات کرنے کی بھی ہمت نہیں۔ مجھے ایسی بات کرنے ہی نہیں دیتا۔ اور گفتگو میں بھی یہ مجھ پر غالب آ گیا ہے۔