وَجَعَلُوا بَيْنَهُ وَبَيْنَ الْجِنَّةِ نَسَبًا ۚ وَلَقَدْ عَلِمَتِ الْجِنَّةُ إِنَّهُمْ لَمُحْضَرُونَ
اور مشرکین نے اللہ اور جنوں کے درمیان رشتہ (٣٤) ٹھہرایا ہے، حالانکہ جن یہ جانتے ہیں کہ وہ جہنم میں ڈال دئیے جائیں گے
مشرکین نے اتنے پر ہی بس نہ کی، جنات میں اور اللہ میں بھی رشتے داری قائم کی۔ مشرکین کے اس قول پر کہ فرشتے اللہ کی لڑکیاں ہیں حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے سوال کیا کہ پھر ان کی مائیں کون ہیں؟ تو انھوں نے کہا کہ جن سرداروں کی لڑکیاں۔ (تفسیر طبری: ۲۱/۱۲۱) حالانکہ خود جنات کو اس بات کا علم و یقین ہے کہ انھیں عقاب و عذاب بھگتنے کے لیے ضرور جہنم میں جانا ہو گا۔ حالانکہ یہ بات کیوں کر صحیح ہو سکتی ہے اگر ایسا ہوتا تو اللہ تعالیٰ جنات کو عذاب میں کیوں ڈالتا وہ اپنی قرابت داری کا لحاظ نہ کرتا۔ اللہ ان باتوں سے پاک ہے جو کچھ یہ بیان کر رہے ہیں۔