قَالُوا رَبُّنَا يَعْلَمُ إِنَّا إِلَيْكُمْ لَمُرْسَلُونَ
رسولوں نے کہا، ہمارا رب جانتا ہے کہ ہم تمہارے لئے رسول بنا کر بھیجے گئے ہیں
پیغمبروں نے جواب دیا کہ اللہ خوب جانتا ہے کہ ہم اس کے سچے رسول ہیں اگر ہم جھوٹے ہوتے تو اللہ پر جھوٹ باندھنے کی سزا ہمیں اللہ تعالیٰ دے دیتا۔ لیکن تم دیکھو کہ وہ ہماری مدد کرے گا اور ہمیں عزت عطا کرے گا۔ اس وقت تمہیں خود روشن ہو جائے گا کہ کون شخص انجام کے اعتبار سے اچھا رہا۔ جیسا کہ سورہ عنکبوت میں ارشاد ہے: ﴿قُلْ كَفٰى بِاللّٰهِ بَيْنِيْ وَ بَيْنَكُمْ شَهِيْدًا يَعْلَمُ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ وَ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا بِالْبَاطِلِ وَ كَفَرُوْا بِاللّٰهِ اُولٰٓىِٕكَ هُمُ الْخٰسِرُوْنَ﴾ میرے اور تمہاے درمیان اللہ کی شہادت کافی ہے۔ وہ تو آسمان و زمین کے غیب جانتا ہے باطل پر ایمان رکھنے والے اور اللہ سے کفر کرنے والے ہی نقصان یافتہ ہیں ۔ سنو ہمارے ذمے تو صرف تبلیغ ہے مانو گے تو تمہارا بھلا ہے اور نہ مانو گے تو پچھتاؤ گے اور اپنے کیے کا خمیازہ بھگتو گے۔‘‘