سورة فاطر - آیت 15

يَا أَيُّهَا النَّاسُ أَنتُمُ الْفُقَرَاءُ إِلَى اللَّهِ ۖ وَاللَّهُ هُوَ الْغَنِيُّ الْحَمِيدُ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی

اے لوگو ! تم سب اللہ کے محتاج (١٢) ہو، اور اللہ تو بڑا بے نیاز اور تمام تعریفوں کا مستحق ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ قادر مطلق: یہ خطاب تمام جہان کے انسانوں سے ہے۔ جس میں عوام و خواص، حتی کہ انبیا علیہم السلام و صلحا سب آ جاتے ہیں۔ اللہ کے در کے سب ہی محتاج ہیں لیکن اللہ کسی کا محتاج نہیں۔ وہ اتنا بے نیاز ہے کہ سب لوگ اگر اس کے نافرمان ہو جائیں تو اس سے اس کی سلطنت میں کوئی کمی نہیں آئے گی اور اگر وہ سب اس کے اطاعت گزار بن جائیں تو اس سے اس کی قوت میں زیادتی نہیں ہو گی۔ بلکہ نافرمانی سے انسانوں کا اپنا ہی نقصان ہے اور اس کی عبادت و اطاعت سے انسانوں کا اپنا ہی فائدہ ہے۔ تمام باتوں پر قادر وہی ہے وہ جو کرتا ہے اس میں قابل تعریف ہے۔ اس کا کوئی کام حکمت و تعریف سے خالی نہیں۔ اپنے قول میں، اپنے فعل میں، اپنی شرع میں، تقدیروں کے مقرر کرنے میں، غرض ہر طرح سے وہ بزرگ اور لائق حمد و ثنا ہے۔