قُلْ إِن ضَلَلْتُ فَإِنَّمَا أَضِلُّ عَلَىٰ نَفْسِي ۖ وَإِنِ اهْتَدَيْتُ فَبِمَا يُوحِي إِلَيَّ رَبِّي ۚ إِنَّهُ سَمِيعٌ قَرِيبٌ
آپ کہہ دیجیے کہ اگر میں گمراہ ہوں تو اس کا خمیازہ میں بھگتوں گا، اور اگر میں راہ راست پر گامزن ہوں تو یہ اس قرآن کی بدولت ہے، جسے میرا رب بذریعہ وحی مجھ تک بھیجتا ہے، وہ بے شک خوب سننے والا، بڑا قریب ہے
یعنی بھلائی سب اللہ کی طرف سے ہے اور اللہ تعالیٰ نے جو وحی اور حق مبین نازل فرمایا ہے اس میں رشد و ہدایت ہے۔ صحیح راستہ لوگوں کو اسی سے ملتا ہے۔ پس جو گمراہ ہوتا ہے تو اس میں انسان کی اپنی ہی کوتا ہی اور ہوائے نفس کا دخل ہوتا ہے۔ اسی لیے اس کا وبال بھی اسی پر ہو گا۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ جب کسی سائل کے جواب میں اپنی طرف سے کچھ فرماتے تو ساتھ کہتے ’’ اسے میں اپنی رائے سے بیان کرتا ہوں اگر صحیح ہے تو اللہ کی طرف سے ہے۔ اور اگر غلط ہے تو میری اور شیطان کی طرف سے ہے۔ اور اللہ اورا س کا رسول صلی اللہ علیہ وسلم اس سے بری ہے۔‘‘ (ابوداؤد: ۲۱۱۶، مستدرک حاکم: ۲/ ۱۸۰) اللہ اپنے بندوں کی باتوں کا سننے والا ہے اور پکارنے والے کی ہر پکار کو ہر وقت سنتا اور قبول فرماتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرتبہ اپنے اصحاب رضی اللہ عنہم سے فرمایا تم کسی بہرے یا غائب کو نہیں پکار رہے جسے تم پکار رہے ہو وہ سمیع و قریب و مجیب ہے۔ (بخاری: ۲۹۹۲)