سورة سبأ - آیت 47
قُلْ مَا سَأَلْتُكُم مِّنْ أَجْرٍ فَهُوَ لَكُمْ ۖ إِنْ أَجْرِيَ إِلَّا عَلَى اللَّهِ ۖ وَهُوَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ شَهِيدٌ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
اے میرے نبی ! آپ کہہ دیجیے کہ میں نے اگر تم سے کوئی معاوضہ (٣٨) مانگا ہے تو وہ تم کو ہی دیتا ہوں، میرا اجر تو مجھے صرف اللہ سے چاہیے، اور وہ ہر چیز سے باخبر ہے
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
دوسری بات یہ بھی سوچو کہ میں جو تمہاری خیر خواہی کرتا ہوں۔ تمہیں احکام دین پہنچاتا رہا ہوں، وعظ و نصیحت کرتا ہوں اس پر تم سے نہ کوئی معاوضہ طلب کرتا ہوں اور نہ کوئی دوسری غرض رکھتا ہوں۔ بدلہ تو اللہ ہی دے گا جو تمام چیزوں کی حقیقت سے مطلع ہے۔ میری تمہاری حالت اس ذات پر خوب روشن ہے۔ (ابن کثیر)