سورة سبأ - آیت 8
أَفْتَرَىٰ عَلَى اللَّهِ كَذِبًا أَم بِهِ جِنَّةٌ ۗ بَلِ الَّذِينَ لَا يُؤْمِنُونَ بِالْآخِرَةِ فِي الْعَذَابِ وَالضَّلَالِ الْبَعِيدِ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
کیا وہ اللہ پر افترا پردازی کرتا ہے، یا اسے جنون لاحق ہوگیا ہے، بلکہ جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں رکھتے ہیں وہ ( اس دن) عذاب میں ہوں گے، اور آج شدید گمراہی میں پڑے ہیں
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
اللہ تعالیٰ نے فرمایا بات اس طرح نہیں ہے جس طرح یہ گمان کر رہے ہیں بلکہ واقع یہ ہے کہ عقل و فہم و ادراک حقائق سے یہی لوگ قاصر ہیں۔ جس کی وجہ سے یہ آخرت پر ایمان لانے کی بجائے اس کا انکار کر رہے ہیں۔ جس کا نتیجہ آخرت کا دائمی عذاب ہے۔ اور یہ آج ایسی گمراہی میں مبتلا ہیں۔ جو حق سے بہت زیادہ دور ہے۔ (احسن البیان)