سورة سبأ - آیت 5
وَالَّذِينَ سَعَوْا فِي آيَاتِنَا مُعَاجِزِينَ أُولَٰئِكَ لَهُمْ عَذَابٌ مِّن رِّجْزٍ أَلِيمٌ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
اور جو لوگ ہماری آیتوں کے خلاف اس زعم میں کوشش کرتے رہے کہ وہ ہمیں عاجز بنا دیں گے انہیں بڑا درد ناک عذاب دیا جائے گا
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
یعنی ہماری ان آیتوں کی تکذیب کی جو ہم نے اپنے پیغمبروں پر نازل کیں یہ سمجھتے ہوئے کہ ہم ان کی گرفت سے عاجز ہوں گے۔ کیوں کہ ان کا عقیدہ تھا کہ مرنے کے بعد ہم جب مٹی میں مل جائیں گے تو ہم کس طرح دوبارہ زندہ ہو کر کسی کے سامنے اپنے کیے دھرے کی جواب دہی کریں گے۔ ان کا یہ سمجھنا گویا اس بات کا اعلان تھا کہ اللہ تعالیٰ ہمارا مواخذہ کرنے پر قادر ہی نہیں ہو گا اس لیے قیامت کا ہمیں خوف کیوں ہو۔ (احسن البیان)