سورة النمل - آیت 12

وَأَدْخِلْ يَدَكَ فِي جَيْبِكَ تَخْرُجْ بَيْضَاءَ مِنْ غَيْرِ سُوءٍ ۖ فِي تِسْعِ آيَاتٍ إِلَىٰ فِرْعَوْنَ وَقَوْمِهِ ۚ إِنَّهُمْ كَانُوا قَوْمًا فَاسِقِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور آپ اپنا ہاتھ اپنے گریبان میں ڈالیے (٦) وہ بغیر کسی بیماری کے سفید چمکدار نکلے گا، یہ دو نشانیاں، نو نشانیوں میں سے ہیں، جنہیں لے کر آپ کو فرعون اور اس کی قوم کے پاس جانا ہے اس لیے کہ وہ لوگ سرکش و نافرمان ہوچکے ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

معجزات موسیٰ علیہ السلام : عصا کے سانپ بن جانے کے معجزے کے ساتھ ہی کلیم اللہ کو ایک اور معجزہ دیا جاتا ہے وہ یہ کہ کہ آپ جب بھی اپنا ہاتھ گریبان میں ڈال کر نکالیں گے تو وہ چاندی کی طرح چمکتا ہوا ہو کر نکلے گا۔ یہ دو معجزے ان نو معجزوں میں سے ہیں جن سے میں تیری وقتاً فوقتاً تائید کرتارہوں گا ۔ گویا ابتدا ً یہی دو بڑے معجزے عطا کرکے سیدنا موسیٰ علیہ السلام کو فرعون اور اس کی قوم کی طرف رسول بنا کر بھیجا کیونکہ فرعون نے اپنے ملک میں فساد عظیم برپا کر رکھا تھا۔