إِذْ قَالَ لَهُمْ شُعَيْبٌ أَلَا تَتَّقُونَ
جب ان سے شعیب نے کہا، کیا تم اللہ سے نہیں ڈرتے ہو۔
سیدنا شعیب علیہ السلام کی قوم لین دین میں ہیرا پھیری کی مرتکب تھی ۔ سیدنا شعیب علیہ السلام کی قوم تجارتی شاہراہوں کے چوک پر آباد تھی۔ لہٰذا یہ پورے کا پورا علاقہ بڑا بھاری تجارتی مرکز بن گیاتھا ۔ شرک اور دوسری اخلاقی برائیوں کے علاوہ ان میں جو سب سے بڑا مرض تھا وہ تجارتی ہیرا پھیری کرناتھا جب ناپ یا تول کردیتے تو ڈنڈی مارتے اور ناپ تول میں کمی کرتے ۔ سیدنا شعیب علیہ السلام اپنی قوم کو ناپ تول درست کرنے کی ہدایت کررہے ہیں اور فرماتے ہیں کہ جب کسی کو کوئی چیز ناپ کر دو تو پورا پیمانہ بھر کردو۔ اس کے حق سے کم نہ کرو۔ اسی طرح دوسرے سے جب لوتو زیادہ لینے کی کوشش اور تدبیر نہ کرو۔ لین دین دونوں کو صاف اور پورا رکھو۔ تول میں عدل کرو، ڈنڈی نہ مار و،چوری چکاری،لوٹ مار، رہزنی سے بچو۔ لوگوں کو ڈرا دھمکا کر خوف زدہ کرکے ان سے مال نہ لوٹو ۔ اس اللہ سے ڈرو جس نے تمہیں اور سب اگلوں کو پیدا کیاہے۔