وَهُوَ الَّذِي يُحْيِي وَيُمِيتُ وَلَهُ اخْتِلَافُ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ ۚ أَفَلَا تَعْقِلُونَ
اور وہی ہے جو زندگی اور موت (٢٥) دیتا ہے، اور اسی کے اختیار میں ہے رات اور دن کا ایک دوسرے کے بعد آنا جانا، تو کیا تم غور و فکر نہیں کرتے ہو۔
گردش لیل و نہار: یعنی وہ ہر آن اس دنیا میں زندہ سے مردہ اور مردہ سے زندہ پیدا کرتا رہتا ہے۔ نیز وہ اندھیرے میں سے اجالا نکالتا ہے اور اجالے کو پھر اندھیرے میں گم کر دیتا ہے۔ دن رات کا باری باری آنا، دنوں کی مقدار میں کمی شروع ہونا اور راتوں کا بڑھنے لگنا اور اس کے برعکس راتوں کا گھٹنے لگنا اور دنوں کا بڑھنے لگنا، پھر موسموں کا تغیر و تبدل، یہ سب چیزیں اسی کے قبضہ قدرت میں ہیں۔ پھر بھی تمہیں یہ سمجھ نہیں آتی کہ جو ہستی اس قدر قدرتوں کی مالک ہے وہ تمہیں اپنے پاس اکٹھا کرنے کی اور حاضر کرنے کی قدرت بھی رکھتی ہے۔