سورة الحج - آیت 45

فَكَأَيِّن مِّن قَرْيَةٍ أَهْلَكْنَاهَا وَهِيَ ظَالِمَةٌ فَهِيَ خَاوِيَةٌ عَلَىٰ عُرُوشِهَا وَبِئْرٍ مُّعَطَّلَةٍ وَقَصْرٍ مَّشِيدٍ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی

پس ہم نے بہت سی بستیوں کو ہلاک کردیا، درآنحالیکہ وہ ظالم تھیں تو اب وہ اپنی چھتوں کے بل گری پڑی ہیں اور بہت سے کنویں بیکار ہیں اور بہت سے اونچے محل خالی اور ویران ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہر ظالم کو ڈھیل دیتا ہے، پھر جب پکڑتا ہے تو چھٹکارا نہیں ہوتا پھر، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سورہ ہود کی آیت ۱۰۲ تلاوت کی، پھر فرمایا کہ کئی ایک بستیوں والے ظالموں کو جنھوں نے رسولوں کی تکذیب کی تھی، ہم نے غارت کر دیا، جن کے محلات کھنڈر بنے پڑے ہیں، اوندھے گرے ہوئے ہیں ان کی منزلیں ویران ہوگئیں، ان کی آبادیاں ویران ہوگئیں ان کے کنویں خالی پڑے ہیں جو کل تک آباد تھے آج خالی ہیں ان کے پلستر شدہ محل جو بلند وبالا اور پختہ تھے۔ وہ آج ویران پڑے ہیں۔ (تفسیر طبری: ۱۸/ ۶۵۳)