سورة طه - آیت 92

قَالَ يَا هَارُونُ مَا مَنَعَكَ إِذْ رَأَيْتَهُمْ ضَلُّوا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

موسی نے کہا، اے ہارون ! آپ نے جب ان سب کو گمراہ ہوتے دیکھا تو کس چیز نے آپ کو روک دیا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

سیدنا موسیٰ اور سیدنا ہارون علیہما السلام کا مکالمہ: موسیٰ قوم کی طرف سے عذر لنگ سن کر اسی غصہ کی حالت میں اپنے بھائی ہارون کی طرف متوجہ ہوئے اور جوش غضب میں ان کی داڑھی اور سر کے بال پکڑ لیے او رکہنے لگے۔ میں تمھیں اپنا نائب بنا کر گیا تھا اور یہ تاکید کی تھی کہ ان لوگوں کی حالت پر کڑی نظر رکھنا تو پھر جب تم نے انھیں شرک میں مبتلا دیکھا تو تم نے انھیں منع کیوں نہ کیا؟ آخر وہ کون سی بات تھی جو تمھارے آڑے آگئی تھی۔ کیا تم میری اس تاکید کو یکسر بھول گئے تھے کہ اس بگڑی ہوئی قوم پر کڑی نظر رکھنا اور اس کی اصلاح کرنا۔