وَأَنذِرْهُمْ يَوْمَ الْحَسْرَةِ إِذْ قُضِيَ الْأَمْرُ وَهُمْ فِي غَفْلَةٍ وَهُمْ لَا يُؤْمِنُونَ
اور آپ کافروں کو حسرت کے دن سے ڈرایئے (٢١) جب فیصلہ صادر ہوجائے گا اور وہ لوگ ابھی غفلت میں ہیں، اور ایمان نہیں لاتے ہیں۔
قیامت کا دن دوزخیوں کے لیے یوم حسرت ہو گا: کافروں کے پچھتاوے کے مواقع تو بہت ہوں گے مگر آخری موقع غالباً وہ ہوگا جب اہل جنت کو جنت جانے کا اور اہل دوزخ کو دوزخ جانے کا فیصلہ سنا دیا جائے گا۔ ایک حدیث میں آتا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں (قیامت کے دن) موت کو ایک چتکبرے مینڈھے کی شکل میں لے کر آئیں گے۔ پھر ایک پکارنے والا پکارے گا اے اہل جنت! ’’تم اس مینڈھے کو پہچانتے ہو‘‘ وہ کہیں گے کہ ’’ہاں‘‘ یہ موت ہے اور ہم سب اس کا مزا چکھ چکے ہیں‘‘ پھر وہ پکارے گا ’’اے دوزخ والو تم اس مینڈھے کو پہچانتے ہو‘‘ ہو کہیں گے ’’ہاں‘‘ یہ موت ہے، ہم سب اس کو دیکھ چکے ہیں‘‘ اس وقت وہ مینڈھا ذبح کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد وہ فرشتہ کہے گا ’’جنت والو تمھیں ہمیشہ بہشت میں رہنا ہے۔ اور دوزخ والو! تمھیں بھی ہمیشہ دوزخ میں رہنا ہے۔ اب کسی کو موت نہیں آئے گی پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت پڑھی۔ ﴿وَ اَنْذِرْهُمْ يَوْمَ الْحَسْرَةِ اِذْ قُضِيَ الْاَمْرُ وَ هُمْ فِيْ غَفْلَةٍ وَّ هُمْ لَا يُؤْمِنُوْنَ﴾ تک۔ (مسند احمد: ۳/ ۹، بخاری: ۴۷۳۰) اس دن کافر سب کچھ دیکھ رہے ہوں گے مگر ہر طرف سے مایوس ہو کر اپنے ہاتھ کاٹیں گے مگر اس وقت کچھ فائدہ نہ ہوگا۔ یہ وقت حسرت کا بھی ہوگا اور کام کے خاتمے کا بھی وقت یہی ہوگا۔ پس یوم الحسرت بھی قیامت کے ناموں میں سے ایک نام ہے۔