وَلَا تَنكِحُوا الْمُشْرِكَاتِ حَتَّىٰ يُؤْمِنَّ ۚ وَلَأَمَةٌ مُّؤْمِنَةٌ خَيْرٌ مِّن مُّشْرِكَةٍ وَلَوْ أَعْجَبَتْكُمْ ۗ وَلَا تُنكِحُوا الْمُشْرِكِينَ حَتَّىٰ يُؤْمِنُوا ۚ وَلَعَبْدٌ مُّؤْمِنٌ خَيْرٌ مِّن مُّشْرِكٍ وَلَوْ أَعْجَبَكُمْ ۗ أُولَٰئِكَ يَدْعُونَ إِلَى النَّارِ ۖ وَاللَّهُ يَدْعُو إِلَى الْجَنَّةِ وَالْمَغْفِرَةِ بِإِذْنِهِ ۖ وَيُبَيِّنُ آيَاتِهِ لِلنَّاسِ لَعَلَّهُمْ يَتَذَكَّرُونَ
اور مشرک عورتوں سے جب تک ایمان نہ لائیں، نکاح (310) نہ کرو، اور مومنہ لونڈی آزاد مشرکہ عورت سے بہتر (311) ہوتی ہے، چاہے تمہیں بہت اچھی لگے، اور مشرک مردوں سے اپنی عورتوں کا نکاح (312) نہ کرو، یہاں تک کہ وہ ایمان لے آئیں، اور مومن غلام آزاد مشرک سے بہتر ہوتا ہے، چاہے وہ تمہیں بہت اچھا لگے، یہ (مشرکین) جہنم کی طرف بلاتے ہیں، اور اللہ اپنے حکم سے جنت اور مغفرت کی طرف بلاتا ہے، اور لوگوں کے لیے اپنی آیتیں کھول کھول کر بیان کرتا ہے، تاکہ وہ نصیحت حاصل کریں
خاندانی زندگی معاشرے کی زندگی سے ملی ہوئی ہے۔ اس وقت كے مسلمان ایسی سوسائٹی میں رہتے تھے جہاں یہودی عیسائی اور مشرک موجود تھے۔ اب مسلم عورتیں پردہ كرتی تھیں جب كہ مشرک عورتیں بن سنور کر سامنے آتی تھیں اور ایسا ماحول مسلمانوں کو خراب کرنے کے لیے کافی تھا۔ اس وقت یہ آیات نازل ہوئی۔ زندگی کو پاکیزہ رکھنے کے لیے ایمان کی بنیاد پر نکاح ضروری ہے تاکہ آئندہ نسلیں پاکیزہ ہوں۔ اسلام اس تعلق کو بلند مقام دیتا ہے اس لیے پہلے مردوں کو کہا گیا کہ جب تک کوئی عورت ایمان نہ لے آئے نکاح نہ کرنا۔ نظریاتی ہم آہنگی ضروری ہے اگرچہ آزاد، خوب صورت مال دار مشرک عورت تمہیں اچھی لگتی ہو۔ بلکہ اس کے مقابلے میں مومنہ لونڈی زیادہ بہتر ہے۔ عورت اپنا نکاح خود نہیں کرسکتی اس کے لیے ولی کی ضرورت ہے اس لیے کہا گیا کہ اپنی عورتوں کا نکاح مشرک مردوں سے نہ کرو۔ اگرچہ مشرک مرد کتنے ہی اچھے ہوں اس کے مقابلہ میں مومن غلام اس سے بہتر ہے اس سے نکاح کردو کیونکہ اس سے ایك اسلامی خاندان اور اسلامی معاشرت بنتی ہے۔ مشرک آگ کی طرف بلاتے ہیں : فیصلہ تم نے کرنا ہے کہ کونسا راستہ بہتر ہے۔ مشرک جہنم کی طرف لے آتا ہے اور مومن کا راستہ جنت ہے۔ سیّدنا ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ بیان كرتے ہیں كہ نبی كریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’بُرے اور اچھے ہم نشیں كی مثال عطر فروش اور بھٹی دھونكنے والے جیسی ہے۔ عطر فروش سے تم خوشبو حاصل كرو گے اور بھٹی والا تمھیں بدبو دے گا اور كپڑے جلائے گا۔ ‘‘ (بخاری: ۵۵۳۴) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’عورت سے چار وجوہات سے نکاح کیا جاتا ہے۔ مال، حسب نسب، حسن و جمال یا دین کی وجہ سے‘‘ تم دین دار عورت کا انتخاب کرو۔‘‘ (بخاری: ۵۰۹۰) اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نیک عورت کو دنیا کی سب سے بہتر متاع قراردیا۔ (مسلم: ۱۴۱۹)