سورة الإسراء - آیت 6
ثُمَّ رَدَدْنَا لَكُمُ الْكَرَّةَ عَلَيْهِمْ وَأَمْدَدْنَاكُم بِأَمْوَالٍ وَبَنِينَ وَجَعَلْنَاكُمْ أَكْثَرَ نَفِيرًا
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
پھر (ایک مدت مدید کے بعد) ہم تمہیں ان پر غالب کریں گے اور تمہیں مال و اولاد دیں گے اور تمہاری تعداد بڑھا دیں گے۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
پھر جب بنی اسرائیل نے اللہ کی نافرمانیوں پر کھلے عام کمر کس لی اور بے باکی اور بے حیائی کے ساتھ ظلم کرنے شروع کر دیے تو پھر ان کے اوپر اللہ نے رومی بادشاہ ٹیٹس کو مسلط کر دیا۔ اس نے یروشلم پر حملہ کرکے اس کے کشتے کے پشتے لگادیے اور بہت سوں کو قیدی بنا لیا، اس نے اموال لوٹ لیے، مذہبی صحیفوں کو پاؤں تلے روندا، بیت المقدس اور ہیکل سلیمانی کو تاراج کر دیا اور انھیں ہمیشہ کے لیے بیت المقدس سے جلا وطن کر دیا اور یوں ان کی ذلت و رسوائی کا خوب خوب سامان کیا۔ چنانچہ یہ دوسرا وعدہ بھی پورا ہو کر ہی رہا۔