وَاللَّهُ فَضَّلَ بَعْضَكُمْ عَلَىٰ بَعْضٍ فِي الرِّزْقِ ۚ فَمَا الَّذِينَ فُضِّلُوا بِرَادِّي رِزْقِهِمْ عَلَىٰ مَا مَلَكَتْ أَيْمَانُهُمْ فَهُمْ فِيهِ سَوَاءٌ ۚ أَفَبِنِعْمَةِ اللَّهِ يَجْحَدُونَ
اور اللہ نے تم میں سے بعض کو بعض پر روزی میں برتری (٤٤) دی ہے، پس جنہیں فضیلت دی گئی ہے وہ اپنی روزی اپنے غلاموں کو نہیں دے دیتے تاکہ وہ سب اس میں برابر ہوجائیں، تو کیا وہ اللہ کی نعمت کا انکار کرتے ہیں۔
مشرکین کی جہالت کاایک اندازہ: یہ خطاب مشرکوں سے ہے اور شرک کی تردید کے لیے ایک عام فہم دلیل پیش کی گئی ہے۔ یعنی تم میں سے ایک شخص صاحب مال و جائیداد ہیں اور اس کے کئی غلام بھی ہیں تو کیا وہ یہ گوارا کرے گا کہ اپنی ساری دولت اپنے غلاموں میں اس طرح تقسیم کردے کہ اس کااپنا حصہ بھی غلام کے برابر ہوجائے ۔ ظاہر ہے کہ کوئی مالک ایسا گوار انھیں کسکتا ۔ پس اللہ تعالیٰ ان سے سوال کرتاہے کہ جب تم اپنے غلاموں کی اپنے مال میں شرکت پسند نہیں کرتے تو پھر میرے غلاموں کو میری الوہیت میں کیسے شریک ٹھہرا رہے ہو۔ سورۂ روم میں ارشاد ہے: ﴿ضَرَبَ لَكُمْ مَّثَلًا مِّنْ اَنْفُسِكُمْ هَلْ لَّكُمْ مِّنْ مَّا مَلَكَتْ اَيْمَانُكُمْ مِّنْ شُرَكَآءَ فِيْ مَا رَزَقْنٰكُمْ فَاَنْتُمْ فِيْهِ سَوَآءٌ﴾ (الروم: ۲۸) ’’اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے ایک مثال خود تمہاری ہی بیان فرمائی،جوکچھ ہم نے تمہیں دے رکھاہے ۔ کیا اس میں تمہارے غلاموں میں سے بھی کوئی تمہارا شریک ہے کہ تم اور وہ اس میں برابر درجے کے ہو۔‘‘ تو اللہ تعالیٰ کب یہ پسند کرے گا کہ تم کچھ لوگوں کو، جو اللہ ہی کے بندے اور غلام ہیں،اللہ کے شریک اور اس کے برابر قرار دے دو۔ یہی اللہ کی نعمتوں کا انکار ہے کہ اللہ ہر چیز کا مالک ومختار ہے۔ اس نے تم کو یہ سب نعمتیں عطا فرمائیں اب چاہیے تو یہ تھاکہ تم اس کا شکریہ ادا کرتے اور اس کی بندگی کرتے، لیکن تم لوگوں نے جو اللہ کے مملوک اور غلاموں کو اللہ کے ساتھ برابر کاشریک بنادیا۔ اس سے بڑھ کر بھی اللہ کے ساتھ ناانصافی، اس کی احسان ناشناسی اور اس کی نعمتوں کاانکار ہوسکتاہے۔ مخلوق اور مملوک کبھی شریک نہیں بن سکتے: یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ اگر کوئی مالک اپنے غلام کو کسی چیز کا مالک یا اس میں تصرف کا اختیار دے بھی دے تو یہ سب کچھ عارضی ہوگا۔ حقیقتاً ان چیزوں کامالک بھی اصل مالک ہی ہوگا جیسے ہم کہتے ہیں کہ ہر چیز کامالک اللہ تعالیٰ ہے تو نتیجہ یہ نکلا کہ مالک اور غلام برابر نہیں ہوسکتے ۔ چونکہ ہر چیز اللہ تعالیٰ کی مخلوق و مملوک ہے ۔ لہٰذا وہ صفات الوہیت میں اس کی شریک نہیں ہوسکتی۔