سورة البقرة - آیت 181

فَمَن بَدَّلَهُ بَعْدَمَا سَمِعَهُ فَإِنَّمَا إِثْمُهُ عَلَى الَّذِينَ يُبَدِّلُونَهُ ۚ إِنَّ اللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

پس اگر کوئی شخص وصیت سن لینے کے بعد اسے بدل دے گا تو اس کا گناہ اس کے بدلنے والوں (260) کو ہوگا، بے شک اللہ بڑا سننے والا، اور جاننے والا ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی مرنے والے نے وصیت انصاف کے ساتھ کی ہو مگر کوئی با اختیار اس کو بدل دے یا اس میں تنسیخ کر دے یا چند وارث مل کر اس کو تبدیل کردیں تو یہ سب گنہگار ہونگے اور اللہ تعالیٰ ایسے خود غرض لوگوں کی باتوں کو سننے والا اور ان کے ارادوں کو جاننے والا ہے ۔ اگر مرنے والے سے غلطی سے یا جان بوجھ کر وصیت میں کسی کا حق سلب ہوجائے تو وارثوں کو مل کر صلاح و مشورہ کرکے اس کو صحیح کردینا چاہیے۔ اس طرح ممکن ہے کہ وصیت کرنے والے کا گناہ بھی اللہ تعالیٰ معاف کردے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس کسی نے وارث کے حق میں وراثت کا حصہ ختم کرنے کی کوشش کی۔ اللہ تعالیٰ اس کی وراثت سے اُسے حشر کے دن محروم کردے گا۔ (كشف الجفاء: ۳۴۱) اور ایك روایت میں ہے كہ آپ نے وصیت سے پہلے میت کا قرض ادا کرنے کا حکم دیا۔ (بخاری: قبل ح: ۲۷۵۰)