وَإِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلَائِكَةِ إِنِّي خَالِقٌ بَشَرًا مِّن صَلْصَالٍ مِّنْ حَمَإٍ مَّسْنُونٍ
اور جب آپ کے رب نے فرشتوں سے کہا کہ میں آدمی (١٧) کو سڑی ہوئی مٹی کے کھنکھناتے ٹھیکرے سے پیدا کرنے والا ہوں۔
جب انسان کاپتلا تیارہو گیا تو اس وقت اللہ نے فرشتوں کو حکم دیا کہ ’’میں کھنکھناتی مٹی سے ایک بشر پیداکرنے لگا ہوں جب میں اس کی نوک پلک درست کرکے اس میں اپنی روح میں سے کچھ پھونک دوں تو تم اسی وقت اس کے سامنے سجدہ میں گر پڑنا ‘‘ روح پھونکنے سے مقصد یہ تھاکہ اللہ تعالیٰ کی صفات کا ہلکا سا پر تو انسان میں پیداہوجائے اور انسان کو جو دوسری تمام جانداروں سے زیادہ عقل و تمیز قوت،ارادہ و اختیار مختلف اشیاء کے خواص معلوم کرنے کا علم، غور و کر کے نتائج حاصل کرنے کاعلم دیا گیا۔ یہ سب کچھ اسی نفخہ کانتیجہ ہے اور اسی بناء پر انسان کو زمین میں اللہ کا خلیفہ بنایاگیا۔