سورة ابراھیم - آیت 42

وَلَا تَحْسَبَنَّ اللَّهَ غَافِلًا عَمَّا يَعْمَلُ الظَّالِمُونَ ۚ إِنَّمَا يُؤَخِّرُهُمْ لِيَوْمٍ تَشْخَصُ فِيهِ الْأَبْصَارُ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور آپ اللہ کو ظالموں کے کرتوتوں سے غافل (٣٠) نہ سمجھئے وہ تو انہیں اس دن تک مہلت دے رہا ہے جب آنکھیں پتھرا جائیں گی۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قیامت کی ہولناکی کاایک منظر: یعنی کوئی یہ نہ سمجھے کہ برائی کرنے والوں کی برائی کااللہ کو علم ہی نہیں اس لیے دنیا میں پھل پھول رہے ہیں۔ اللہ ایک ایک کے ایک ایک بُرے بھلے عمل سے واقف ہے ۔ یہ ڈھیل اس کی خوددی ہوئی ہے کہ یاتو وہ واپس پلٹ آئے یا پھر گناہوں میں بڑھ جائے یہاں تک کہ قیامت آجائے اس دن کی ہولناکی اور دہشت کا یہ حال ہوگاکہ مجرم اپنی پلکیں بھی نہ جھپک سکیں گے اور ان کی آنکھیں مسلسل یہ منظر دیکھ رہی ہوں گی اور بند بھی نہ ہوسکیں گی ۔ وہ اسی حالت میں سر اٹھاتے نظریں سامنے لگائے اور جما دوڑ رہے ہوں گے۔ وہ نیچے کی طرف بھی نہ دیکھ سکیں گے اور دہشت سے ان کے دل دھڑک رہے ہوں گے اور کلیجے منہ کو آ رہے ہوں گے ۔ اس دن سب لوگ سرتاپا برہنہ ہوں اور دہشت کا یہ عالم ہوگاکہ کسی کو دوسرے کی طرف دیکھنے کاخیال نہ آئے گا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’تم ننگے پاؤں ننگے بدن اور بغیر ختنہ اٹھائے جاؤ گے ‘‘ میں نے کہا یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مرد عورت ایک دوسرے کو دیکھیں گے نہیں ؟ ‘‘ فرمایا ’’وہ وقت اتنا سخت ہوگاکہ اس بات کے قصد کاکسی کو ہوش ہی نہ رہے گا۔(بخاری: ۶۵۷۲، مسلم: ۲۸۵۹)