قُل لِّعِبَادِيَ الَّذِينَ آمَنُوا يُقِيمُوا الصَّلَاةَ وَيُنفِقُوا مِمَّا رَزَقْنَاهُمْ سِرًّا وَعَلَانِيَةً مِّن قَبْلِ أَن يَأْتِيَ يَوْمٌ لَّا بَيْعٌ فِيهِ وَلَا خِلَالٌ
آپ میرے ان بندوں سے کہیے جو اہل ایمان ہیں (٢٢) کہ وہ نماز قائم کریں اور ہم نے انہیں جو روزی دی ہے اس میں پوشیدہ طور پر اور دکھا کر اس دن کے آنے سے پہلے خرچ کریں جس دن نہ کوئی خرید و فروخت ہوگی اور نہ کوئی دوستی کام آئے گی۔
اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو اپنی اطاعت کا اور اپنے حق ماننے کا اور خلق خدا سے احسان و سلوک کرنے کا حکم دے رہاہے۔ نماز قائم کریں سے مراد کہ اسے اپنے وقت پر تعدیل ارکان کے ساتھ خشو ع و خضوع کے ساتھ قائم کیاجائے۔جس طرح نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔ زکوٰۃ ادا کرتے رہیں: انفاق کامطلب زکوٰۃ ادا کی جائے، اقارب کے ساتھ صلہ رحمی کی جائے اور دیگر ضرورت مندوں پر احسان کیاجائے یہ نہیں کہ اپنی ذات اور اپنی ضروریات پر تو بے دریغ خرچ کیاجائے اور اللہ تعالیٰ کی بتلائی ہوئی جگہوں پر خرچ کرنے سے گریز کیاجائے ۔ قیامت کے دن ایسا ہوگاکہ جہاں نہ خرید وفروخت ہوگی نہ کوئی دوستی ہی کسی کے کام آئے گی۔ کوئی اپنے آپ کو بطور فدیہ کے بیچنا بھی چاہے تو بھی ممکن نہ ہو گا، چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿فَالْيَوْمَ لَا يُؤْخَذُ مِنْكُمْ فِدْيَةٌ وَّ لَا مِنَ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا﴾ (الحدید: ۱۵) ’’یعنی آج تم سے اور کافروں سے کوئی فدیہ نہ لیا جائے گا۔‘‘ وہاں کسی کی دوستی سے کوئی چھوٹے گانھیں بلکہ وہاں عدل وانصاف ہی ہوگا۔ سورۃ بقرۃ ۴۸میں فرمایا :۔ اے ایمان والو! جوہم نے تمہیں دے رکھاہے تم اس میں سے ہماری راہ میں خرچ کرو اس سے پہلے کہ وہ دن آئے جس میں نہ کاروبار ہے، نہ دوستی نہ (شفاعت ) کافر ہی دراصل ظالم ہیں۔