سورة الرعد - آیت 43

وَيَقُولُ الَّذِينَ كَفَرُوا لَسْتَ مُرْسَلًا ۚ قُلْ كَفَىٰ بِاللَّهِ شَهِيدًا بَيْنِي وَبَيْنَكُمْ وَمَنْ عِندَهُ عِلْمُ الْكِتَابِ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور اہل کفر کہتے ہیں کہ آپ رسول (٤٣) نہیں ہیں، آپ کہیے کہ میرے اور تمہارے درمیان گواہ کی حیثیت سے اللہ کافی ہے اور وہ لوگ بھی جو کتاب (تورات و انجیل) کا علم رکھتے ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی تمہارے جھٹلانے سے کیا بنتاہے جبکہ اللہ تعالیٰ میری نبوت پر شاہد ہے اور تمہیں میری صداقت کے کئی نشان دکھا چکاہے۔ اور دکھارہاہے۔ اور اہل کتاب میں بھی منصف مزاج لوگ میری رسالت کی گواہی دیتے ہیں کہ میں اللہ کا رسول ہوں جیسے عبداللہ بن سلام،سلمان فارسی اور تمیم داری وغیرہم، کیونکہ ان کی کتابوں میں میرے متعلق کئی بشارتیں موجود ہیں۔ الحمدللہ (سورت رعد کی تفسیر مکمل ہوئی )۔