سورة ھود - آیت 99

وَأُتْبِعُوا فِي هَٰذِهِ لَعْنَةً وَيَوْمَ الْقِيَامَةِ ۚ بِئْسَ الرِّفْدُ الْمَرْفُودُ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور ان کے پیچھے اس دنیا میں لعنت (٨٢) لگا دی گئی اور قیامت کے دن بھی ان پر لعنت برسے گی، وہ بہت ہی برا عطیہ ہوگا جو انہیں دیا جائے گا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

لعنت سے مراد اللہ کی رحمت سے محرومی اور دوری ہے گویا وہ دنیا میں بھی رحمت الٰہی سے محروم اور آخرت میں بھی اس سے محروم ہی رہیں گے اگر ایمان نہ لاتے ۔ کیسا برا انعام: رِفْدُ: انعام اور عطیے کو کہا جاتا ہے۔ قیامت کے دن کی لعنت اور انعام مل کر ان پر دو دو لعنتیں پڑیں گی۔ یہ اور لوگوں کو جہنم کی دعوت دینے والے امام تھے۔ اس لیے ان پر دوہری لعنت پڑی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قیامت کے دن جاہلیت کے شاعروں کا جھنڈا امراء القیس کے ہاتھ میں ہوگا اور وہ انھیں لے کر جہنم کی طرف جائے گا۔ (مسند احمد: ۲/ ۲۲۸، ح: ۷۱۲۷)