قِيلَ يَا نُوحُ اهْبِطْ بِسَلَامٍ مِّنَّا وَبَرَكَاتٍ عَلَيْكَ وَعَلَىٰ أُمَمٍ مِّمَّن مَّعَكَ ۚ وَأُمَمٌ سَنُمَتِّعُهُمْ ثُمَّ يَمَسُّهُم مِّنَّا عَذَابٌ أَلِيمٌ
کہا گیا، اے نوح ! اب آپ ہماری جانب سے سلامتی کے ساتھ کشتی سے نیچے اتر آیئے (٣٦) اور آپ پر اور آپ کے ساتھ جو مومنین ہیں، ان میں سے کچھ کی نسل سے پیدا ہونے والی جماعتوں پر ہماری برکتیں نازل ہوں گی، اور کچھ قوموں کو ہم دنیا میں آرام و آسائش دیں گے، پھر آخرت میں ہمارا دردناک عذاب انہیں اپنی گرفت میں لے لے گا۔
نوح علیہ السلام اور ساتھیوں کا زمین پر آباد ہونا: جب کشتی جودی پہاڑ پر ٹھہری اور اللہ کا سلام آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام مومن ساتھیوں اور ان کی اولاد میں سے جو قیامت تک جو ایمان دار آنے والے ہیں سب پر نازل ہوا۔ اللہ تعالیٰ نے نوح علیہ السلام کو بذریعہ وحی مطلع کیا کہ اب پانی نہیں چڑھے گا لہٰذا کشتی سے سب سوار بخیر و عافیت اتر آؤ۔ سیلاب کے بعد زمین سے پھل اور غلہ بافراط پیدا ہوئے جس سے نوح علیہ السلام کے ساتھی خوش حال ہو گئے اور امن و چین سے پھر زمین پر آباد ہو کر رہنے لگے۔ ساتھ ہی اللہ تعالیٰ نے یہ خبر بھی دے دی کہ ان نجات یافتہ لوگوں کی اولاد سے بھی سرکش لوگ پیدا ہوں گے تو انھیں بھی اللہ اپنے دستور کے مطابق عذاب سے دو چار کرے گا۔