سورة البقرة - آیت 140

أَمْ تَقُولُونَ إِنَّ إِبْرَاهِيمَ وَإِسْمَاعِيلَ وَإِسْحَاقَ وَيَعْقُوبَ وَالْأَسْبَاطَ كَانُوا هُودًا أَوْ نَصَارَىٰ ۗ قُلْ أَأَنتُمْ أَعْلَمُ أَمِ اللَّهُ ۗ وَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّن كَتَمَ شَهَادَةً عِندَهُ مِنَ اللَّهِ ۗ وَمَا اللَّهُ بِغَافِلٍ عَمَّا تَعْمَلُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

کیا تم یہ کہتے (٢٠٣) ہو کہ ابراہیم، اسماعیل، اسحاق یعقوب اور اس کی اولاد، یہودی یا نصرانی تھے؟ آپ کہہ دیجئے کہ تم زیادہ جانتے ہو یا اللہ؟ اور اس سے بڑا ظالم کون ہوگا جس نے اللہ کی طرف سے، اس کے پاس موجود گواہی کو چھپا (٢٠٤) دیا، اور اللہ تمہارے کاموں سے غافل نہیں ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اس آیت کا مفہوم سمجھنے کے لیے یہ جان لینا ضروری ہے کہ یہودیت اپنے موجودہ نظریات و عقائد کے مطابق تیسری اور چوتھی صدی قبل مسیح وجود میں آئی تھی اور عیسائیت اپنے نظریات و عقائد کے مطابق حضرت عیسیٰ کے آسمان پر اٹھائے جانے کے مابعد کی پیداوار ہے اور ان دو قوموں کے عالم خوب جانتے تھے کہ حضرت ابراہیم ، اسماعیل ، اسحاق، یعقوب اور ان کی اولاد یوسف علیہ السلام بھی اس قسم کی یہودیت اور عیسائیت کی پیدائش سے بہت پہلے وفات پاچکے تھے ۔ مگر یہودی علماء نے عوام کے ذہن اس بات پر پختہ کردیے تھے کہ یہ تمام انبیاء یہودی تھے اور نصاریٰ کے قول کے مطابق یہ سب عیسائی تھے۔ اس آیت سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ یہودی ہوں یا عیسائی یا مسلمان نجات اخروی کے لیے انبیاء صالحین پر بھروسہ کرنا عبث یعنی غلط ہے۔ تم اپنے اعمال کے جواب کے خود ذمہ دار ہو اور نیك و بد عمل كی جزا سزا خود ہی بھگتو گے۔