سورة یونس - آیت 73

فَكَذَّبُوهُ فَنَجَّيْنَاهُ وَمَن مَّعَهُ فِي الْفُلْكِ وَجَعَلْنَاهُمْ خَلَائِفَ وَأَغْرَقْنَا الَّذِينَ كَذَّبُوا بِآيَاتِنَا ۖ فَانظُرْ كَيْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الْمُنذَرِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

تو ان لوگوں نے انہیں جھٹلا دیا، پس ہم نے انہیں بچا لیا، اور ان لوگوں کو بھی جو ان کے ساتھ کشتی میں سوار تھے، اور انہیں زمین کا وارث بنا دیا، اور جن لوگوں نے ہماری آیتوں کو جھٹلایا تھا انہیں ڈبو دیا تو آپ دیکھ لیجیے کہ ان لوگوں کا کیسا انجام ہوا جنہیں پہلے ڈرایا گیا تھا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

حضرت نوح علیہ السلام کے واقعات کا ذکر کرکے اللہ تعالیٰ اپنے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کو تسلی دینا چاہتے ہیں کہ اگر آپ کی قوم آپ کو جھٹلا رہی ہے۔ تو یہ کوئی نئی بات نہیں، پہلے انبیاء بھی ایسے ہی حالات سے دو چار ہوتے رہے ہیں، لہٰذا آپ کو صبر اور برداشت سے کام لینا چاہیے اور ساتھ ہی جھٹلانے والوں کو تنبیہ کی جا رہی ہے کہ اپنے انجام پر غور کر لو۔ اگر تم اپنی ضد اور ہٹ دھرمی سے باز نہ آئے تو تمھار ابھی ایسا ہی انجام ہونے والا ہے۔ طوفان نوح علیہ السلام کی کیفیت: جھٹلانے والوں پر اللہ کا عذاب اسی صورت میں آیا کہ نیچے سے پانی کے چشمے جاری ہو گئے اوپر سے موسلادار بارش ہونے لگی، اور پانی سطح زمین سے اتنا بلند ہوا کہ پہاڑ تک اس میں غرق ہو گئے۔ مجرمین بھلا کیسے بچ سکتے تھے صرف وہی چند لوگ جو ایمان لائے تھے نوح علیہ السلام کے ساتھ کشتی میں سوار تھے۔ پھر انھیں ہی پہلے لوگوں کا جانشین بنایا۔ اور آئندہ نسل انھی لوگوں بالخصوص حضرت نوح علیہ السلام کے تینوں بیٹوں سے چلی۔ اسی لیے حضرت نوح علیہ السلام کو آدم ثانی بھی کہا جاتا ہے۔